معزز دوست!
اس چھوٹی سی اشاعت کا مقصد سلطنت اسپین کے امیگریشن قانون سے منسلک دفتری اور کاغذی کاروائیوں کو جاننے اور سمجھنے میں آپ کی رہنمائی کرنا اور اس اشاعت کا ایک نقشے کے طور پر آپ کے کام آنا ہے۔ امیگریشن اور اس سے منسلک تمام قوانین ایک ایسے پیچیده اور پُر تشدد نظامی ڈھانچے کا حصہ ہیں جس کا مقصد ہے کہ ہم تھک جائیں اور ہمت ہار جائیں۔ ویلفیر ریاست، گلوبل ساؤتھ (سابقہ نو آبادیات) سے آنے والے مہاجرین کو بغیر کاغذات* اور دفتری چکروں میں رکھ کر خود کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
اسی لئے یہ بہت اہم ہے کہ ہم خود کو آگاہی دیں اور جانیں کہ کاغذات کے ہونے یا نہ ہونے سے قطع نظر ہمارے کیا حقوق ہیں اور ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی عزت اور وقار کا مطالبہ کریں، کیونکہ یہ سر زمین اور اس کی معیشت ہمارے خِطوں اور اجسام کے استحصال پر قائم ہے۔ ہجرت، رہائش، خوراک، لباس، آرام، پناہ، بغیر کسی قسم کے تشدد کے اپنی شخصیت کا آزادانہ انتخاب اور کمیونٹی** کی ثقافتی زندگی میں شریک ہونے جیسے حقوق بُنیادی حقوق ہونے چاہییں۔
کاغذات حاصل کرنے کی کاروائیاں نا قابلِ سمجھ بھول بھلیاں ہیں۔ اسی لئے ہم نے اس گائیڈ کو تشکیل کیا ہے تا کہ ان کاروائیوں کو سمجھنے میں آسانی پیدا کی جائے اور آپ کو احساس دلایا جائے کہ آپ اس میں اکیلے(ی) نہیں ہیں۔ یہاں آپ کو کاغذی کاروائیوں کی ایک گائیڈ ملے گی تاکہ آپ اپنی دستاویزات کو ترتیب دے سکیں اور ایسوسی ایشنز اور پروجیکٹس کی فہرست ملے گی جن سے آپ رابطہ کر سکتے ہیں۔
صبر کریں اور یاد رکھیں کہ ہجرت کرنا ایک حق ہے اور کوئی بھی شخص غیر قانونی نہیں ہے! آپ اکیلے(ی) نہیں ہیں! ہم آپ کے ساتھ ہیں!
آپ کے حقوق
آپ کے قانونی یا غیر قانونی ہونے کے باوجود آپ کی زندگی اہم ہے اور آپ کے حقوق ہیں!
آپ کو تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے، اگر 18 سال سے کم عمر ہیں، ایمرجنسی کی صورت میں طبی امداد کا حق ہے، ایسوسی ایشن، لیبر یونین کا حصہ بننے اور ہڑتال کرنے اور مفت قانونی امداد (مجرمانہ یا امیگریشن قانون) حاصل کرنے کا حق ہے۔
اس گائیڈ کے پچھلے حصے میں آپ کو ان سب اداروں کے بارے میں معلومات ملے گی جو آپ کو اپنے حقوق جاننے اور ان کا تقاضا کرنے میں آپ کا ساتھ دے سکتے ہیں۔ آپ اکیلے/اکیلی نہیں ہیں! ہم بہت ہیں!
سیگوریداد سوسیال یا سوشل سکیورٹی کا ادارہ کیا ہے؟
یہ ایک عوامی سماجی تحفظ کا نظام ہے جو صحت، غربت، بڑھاپا، معذوری، بے روزگاری، خاندان، زچگی وغیرہ سے متعلق ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ سب افراد جو روزگار رکھتے ہیں، اُن پر ’سیگوریداد سوسیال‘ میں ٹیکس دینا لازم ہے۔
اس کے دو نظام ہیں:
جنرل نظام: پرائے روزگار پر لگے ملازمین، یعنی کے جو کسی دوسرے کے لئے کام کرتے ہیں۔
مخصوص نظام: خود روزگار افراد (جو اپنے لیے کام کرتے ہیں یا سیلف ایمپلائڈ ہیں)، گھروں، کھیتوں اور سمندر میں کام کرنے والے ملازمین۔
اپنا روزگار خود رکھنے والے ملازمین کو Seguridad Social کی Tesorería General میں اپنا شناختی کارڈ (NIE) دکھا کر رجسٹر ہونا ہو گا۔ یہ کام ٹیلیفون 900.50.20.50 یا انٹرنیٹ پر کیا جاسکتا ہے۔
CODI QR: https://www.seg-social.es/wps/portal/wss/internet/Trabajadores/Afiliacion
بے روزگاری کا حق: جو افراد ’سیگوریداد سوسیال‘ میں ٹیکس ادا کرتے ہیں، وہ بے روزگاری کی انشورنس کا حق رکھتے ہیں۔ اس حق سے استفادہ ہونے کے لئے آپ:
لیگل طور پر بے روزگار ہیں، یعنی کہ، آپ کی مرضی کے خلاف کنٹریکٹ ختم ہونا چاہیئے۔ (اگر آپ اپنی مرضی پر کام چھوڑتے ہیں تو بے روزگاری کا حق نہیں ملے گا)۔
’سیگوریداد سوسیال‘ میں رجسٹرڈ ہیں۔
کام کے متلاشی کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔
لیگل طور پر بے روزگار ہونے سے پہلے پچھلے چھ سالوں کے دوران کم از کم ایک سال کے لئے ٹیکس ادا کر چکے ہیں۔
کام سے سبکدوش یا ریٹائر ہونے کی عام عمر (66 سال 4 ماہ) کے نہیں ہیں۔
کام تلاش کرنے کے عہد نامہ پر دستخط کیے ہیں۔
جو کام آپ کو پیش کئے جائیں گے انہیں قبول کرتے ہیں اور تربیتی سیشنز میں حصہ لیتے ہیں۔